مریم نوازکی پیشی پرکارکنوں کو ساتھ بھیجنےکا اعلان غیرذمہ دارانہ ہے:شبلی فراز

Published On 21 March,2021 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی پیشی پر پی ڈی ایم کارکنوں کو ساتھ بھیجنے کا اعلان غیر ذمہ دارانہ ہے، مخالفین دولت بچانا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کر لیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ماضی کا حصہ بن چکی ہے، مولانا فضل الرحمان نے خود مان لیا کہ حکومت گرانا ان کا ہدف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کس جماعت سے ہوگا ؟ اس سے ہمیں کوئی غرض نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس افسانہ نہیں حقیقت ہے، یہ بیماری کسی کا لحاظ نہیں کرتی۔ کورونا کی تیسری لہر نے بہت زیادہ متاثر کیا ہے، حتیٰ کہ وزیراعظم اور خاتون اول بھی کورونا سے متاثر ہوئے۔ ہم دونوں کی کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ 8 ماہ میں کورونا متاثرین کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی موجودہ لہر میں لوگ محفوظ رہیں۔ 60 سال سے زائد عمر والے افراد ویکسین ضرور لگوائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کہنا کہ وزیراعظم کو ویکسین لگنے کے بعد کورونا ہوا، درست نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اس حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا اور غلط بیانی کی، انہوں نے ایسی بات کی جس کی توقع نہیں کی جا رہی تھی، وہ لوگوں کو گمراہ نہ کریں، وہ کورونا سے متعلق کنفیوژن پھیلا رہے ہیں۔

 

Advertisement