اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود ہی اپنی دشمن ہے۔ پی ڈی ایم کی تحریک کرپشن چھپانے کے لیے تھی، لوگ ان کے ساتھ باہر نہیں نکلے۔ غیر منتخب افراد کی جانب سے پارلیمنٹ کو استعمال کرنا ٹھیک نہیں، تحریک انصاف کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔
وزیر اطلاعات کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے دباؤ میں آکر اپوزیشن رہنماؤں کو این آر او دیا تھا، لیکن تحریک انصاف کسی کے پریشر میں نہیں آئے گی۔ اپوزیشن کو عوام میں کوئی پذیرائی نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سینیٹ الیکشن ووٹوں کی خرید وفروخت کے باعث ہمیشہ متنازعہ رہے۔ پی ٹی آئی ہمیشہ قائل رہی کہ سینیٹ انتخابات صاف اورشفاف ہونے چاہیں۔ آئندہ سینیٹ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ سینیٹ کے شفاف انتخابات کے لیے تعاون کرے۔