کورونا ویکسین 100 فیصد موثر، ضرور لگوانی چاہیے: صدر مملکت عارف علوی

Published On 21 March,2021 06:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیو) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کی ویکسین لگوانا ضروری ہے، یہ حفاظتی ٹیکے 100 فیصد موثر ہیں۔

صدر مملکت نے آج ایک ٹویٹ میں کہا کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور اس کے موثر ہونے میں چند ہفتے لگتے ہیں۔ زیادہ تر کیسوں میں یہ سو فیصد موثر ہے اور دیگر میں انفیکشن کی شدت کے باعث شرح اموات میں کمی آتی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ وہ اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ نے کورونا ویکسین لگوا لی

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کروا لی تھی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اپنی اہلیہ کے ہمراہ کورونا کی ویکسین لگوانے کوویڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انھیں وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی لیکن پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔ میں نے 1166 پر رجسٹر کیا اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں۔ کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنانے سے معاشی نقصان کم ہوا۔
 

Advertisement