کراچی: (دنیا نیوز) رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کے غیر جمہوری مشن پر گامزن ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بہانے بہانے سے پارلیمنٹ پر تالے لگا کر کس کو خوش کیا جا رہا ہے؟ دنیا میں کہیں بھی عدالتیں اور پارلیمنٹ بند نہیں ہوا کرتیں، مگر یہاں ہر بات پر پارلیمنٹ کو تالے لگا دیئے جاتے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایوب خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف جیسے آمروں کی خواہش تھی کہ پارلیمنٹ بے توقیر اور بند رہے۔ تمام آمر پارلیمنٹ کے اختیارات سے خائف رہے اور سلیکٹڈ وزیراعظم بھی خائف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہائوس کھلا ہے، سیکریٹریٹ، کابینہ ڈویزن سب میں کام جاری ہے مگر پارلیمنٹ بند ہے۔ وزیراعظم کو اللہ صحت دے وہ خود کورونا میں مبتلا ہونے سے قبل تقریبات کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جب سے آئی ہے کئی بار پارلیمنٹ کی توہین کر چکی ہے۔ لوگ نہیں بھولے کہ کیسے عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہو کر پارلیمنٹ پر لعنت بھیجا کرتے تھے۔