'این سی او سی احتیاطی تدابیر بارے جو بھی فیصلہ کریگا، پنجاب اس پر عمل کریگا'

Published On 22 March,2021 02:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ این سی او سی احتیاطی تدابیر بارے جو بھی فیصلہ کرے گا، پنجاب اس پر عمل کرے گا، لاہور میں مزید چار ویکسین سنٹر بنا رہے ہیں، جو لوگ سنٹرز پر آکر کورونا ویکسین نہیں لگوا سکتے، ان کو گھروں پر ویکسی نیشن کی سہولت دیں گے۔

ٹی بی کے تدارک اور کنٹرول میں میڈیا کے کردار پر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ آفس میں آگاہی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر صحت پنجاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹی بی سے متعلق آگاہی دی اور کورونا کی صورتحال پر بھی بات کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہو گی، اپریل میں مزید 60 لاکھ ویکسین پاکستان پہنچ جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے ٹی بی سے متعلق کہا کہ پاکستان ان 30 ممالک میں شامل ہے جہاں ٹی بی کے مریض زیادہ ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان پانچویں نمبر پر ہے، پنجاب میں اس وقت ٹی بی کے ایک لاکھ 53 ہزار مریض موجود ہیں، پنجاب حکومت ٹی بی کی مفت تشخیص اور مکمل علاج کی سہولت دے رہی ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ٹی بی کی بروقت تشخیص سے اس کا علاج ممکن ہے اور علاج میں 93 فیصد مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں۔
 

Advertisement