کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مون سون سے پہلے برساتی نالوں کی اصل حالت میں بحالی کا مشن ہے، گجر اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف تین مقامات پر بیک وقت آپریشن کیا گیا جبکہ کچرا نکالنے سمیت دیگر ترقیاتی کام بھی شروع کر دئیے گئے۔
شہر کے سب سے بڑے گجر نالہ اور دوسرے بڑے اورنگی نالہ پر تجاوزات کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی۔ گجر نالہ کے اطراف 26 کلومیٹر رقبہ سے تین ہزار مکانات اور دیگر تجاوزات مسمار کرنے کیلئے بیک وقت تین مقامات پر آپریشن جاری ہے۔ 9 کلومیٹر رقبہ سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔
اورنگی نالہ پر بھی ہیوی مشینری اور افرادی وقت کے ذریعے تجاوزات تیزی سے مسمار کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق 23 میں سے 8 کلومیٹر رقبہ کلیر کرا دیا گیا ہے، نالے کی صفائی سمیت ترقیاتی کام بھی کئے جا رہے ہیں۔ آپریشن میں تیزی سے متاثرین کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں، کرائے کے مکانات اور امدادی چیکس کے حصول کیلئے متاثرین پریشان نظر آتے ہیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت 30 فیصد تک ٹوٹنے والے مکانات کے متاثرین کو 15 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے ابتدائی طور پر 6 ماہ کے کرائے کی مد میں 90 ہزار روپے کے چیکس دیئے جا رہے ہیں، انتظامی مراحل کے باعث چیکس کے اجرا میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے۔