کراچی: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں اورحلیم عادل شیخ کی گرفتاری سے سندھ حکومت کاکرداربےنقاب ہوگیا، حلیم عادل بہادری سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ زرداری نے کند چھری سے پی ڈی ایم کی قربانی کر دی، پی ڈی ایم اپنے بکھرے شیرازے کو سیمٹنے سے فارغ ہو پھر ہم ان کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں۔ پی ڈی ایم پہلے اپنے زندہ ہونے کا اعلان کرے پھرحکومت کی قربانی کی بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تحریک انصاف کے رہنماؤں کےخلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے، حلیم عادل شیخ بہادری اورجرات سےمشکلات برداشت کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی یاری ٹوٹ گئی۔ زرداری صاحب اینڈ کمپنی نے جس کشتی سے باہر چھلانگ لگائی، اسےغرق کرنے جا رہے ہیں، سندھ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کاقلعہ بنے گا۔