کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ مریم نواز، مولانا فضل الرحمان این آر او کیلئے نیب پر حملہ آور ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، عوام نے دیکھ لیا پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، ان کی ہنڈیاں چوراہے میں پھوٹ گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ دہشتگردی کا مقدمہ بنانے والے خود معاشی دہشتگرد ہیں، ہم اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں گے، پولیس افسران سے کہتا ہوں اتنی غلامی کرو جتنا برداشت کرسکو، کسی افسر کو آئی جی بننا ہے کسی کو ایڈیشنل آئی جی بننا ہے۔
دوسری جانب کراچی کی ملیر کورٹ میں ایم نائن موٹر وے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو جیل حکام نے پیش کیا۔ تفتیشی پولیس نے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔