اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سے امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید کی چیئرمین سینٹ چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ طاہر جاوید نے چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
طاہر جاوید نے امریکی سینٹرز کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھی دیا۔ طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ امریکی سینٹرز بھی آپ سے ملاقات کے خواہشمند ہیں، موجودہ امریکی حکومت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے، جو بائڈن انتظامیہ کے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں اور آنے دنوں میں امریکہ پاکستان کے درمیان رابطوں میں تیزی آئے گی۔
ملاقات میں بلوچستان اور گوادر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ طاہر جاوید کی امریکہ میں پاکستان کے لئے خدمات قابل تعریف ہیں، پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کے لئے طاہر جاوید نے بے پناہ کام کیا، امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ اس موقع پر طاہر جاوید کو چیئرمین سینٹ کی جانب سے قالین کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔