این سی او سی اجلاس، شادی تقریبات پر 5 اپریل سے مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

Published On 28 March,2021 12:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی اجلاس میں کورونا کے ملک بھر میں تیزی سے پھیلاو پر شدید تشویش کا اظہار، وبا پر قابو پانے کیلئے 5 اپریل سے شادی کی تقریبات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ اجلاس میں 5 اپریل سے شادی کی تقریبات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجتماعات میں تمام سماجی، ثقافتی، سیاسی اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ صوبوں کواین سی اوسی کی جانب سے ویکسی نیشن کے ٹارگٹس پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ویکسی نیشن کیلئے درست اور بروقت ڈیٹا کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سےمتعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

ادھر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حکام نے ایکشن لے لیا، ماسک نہ پہننے پر لاہور میں پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا، اسلام پورہ، کریم پارک اور شاد باغ سے 30 افراد گرفتار، بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی۔

واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر سے مسلسل ہلاکتیں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اب تک مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 215 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 4 ہزار 767 افراد مہلک مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

 

Advertisement