افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا منظم اور ذمہ دارانہ ہونا چاہیے، دفتر خارجہ

Published On 28 March,2021 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا منظم اور ذمہ دارانہ ہونا چاہیے تاکہ خلا پیدا نہ ہو۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے امریکی صدر کے افغانستان سے فوجیوں کی واپسی میں تاخیر سے متعلق تاثرات کے جواب میں طالبان کے حالیہ بیان پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی جانب سے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان پارٹیوں کے مابین اپنے اختلافات کو دور کرنے کے لئے ایک جامع، وسیع البنیاد اور جامع بات چیت کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خیال ہے کہ دوحہ عمل اس پائیدار سیاسی حل کے حصول کیلئے ایک تاریخی موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ افغانوں کے لئے اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہے اور ہم افغان جماعتوں کے مابین باہمی طے پانے والے کسی بھی معاہدے کو قبول کریں گے۔

 

Advertisement