اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی عصر حاضر کا بڑا چیلنج ہے جس کا مقابلہ صرف شمولیتی، تعاون پر مبنی اور دور اندیش پالیسیوں کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے جبکہ پاکستان اس جنگ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔
میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کا عزم اور اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت کو پوری دنیا میں اچھی طرح سے تسلیم کیا اور سراہا گیا ہے۔ بلین ٹری سونامی جیسے حکومتی اقدامات نے عالمی اقتصادی فورم سمیت بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے نائب صدر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الحکومتی پینل کے رکن کی حیثیت سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے مباحثے کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان نے گذشتہ سال ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی حمایت کے لئے قائم ملٹی بلین ڈالر گرین کلائمیٹ فنڈ کی مشترکہ صدارت بھی کی۔پاکستان ، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ابتدائی دس ممالک میں شامل ہونے کے باوجود ، سب سے کم زہریلی گیس اخراج کرنے والوں میں شامل ہے۔