پاکستان ، برطانیہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے:وزیر خارجہ

Published On 19 March,2021 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

یہ بات انہوں نے برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر سے ملاقات میں کہی۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر آج وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات لکی۔

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مجموعی علاقائی سلامتی، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔ بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بے جا پابندیوں کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مثبت کردار کرنے کی ضرورت ہے۔ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل، وقت کی اہم ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
 

Advertisement