اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے لیبیا میں قومی اتحادکی حکومت کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے آج ایک بیان میں کہا کہ پاکستان برادر ملک لیبیا کے وزیراعظم کی طرف سے تجویز اورنامزد کردہ پارلیمنٹ اور قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کی تائید کرتا ہے۔
انہوں نے لیبیا کی پارلیمنٹ اور سیاسی قیادت کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس کے نتیجے میں امن و استحکام کے لئے لیبیا کے عوام کے عزم کی تعریف کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان لیبیا کے ساتھ اپنے تاریخی اور قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے بھی پر عزم ہے۔