قاہرہ: (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔
قاہرہ ہوائی اڈے پر قاہرہ کے اسسٹنٹ فارن منسٹر ایمبیسڈر طارق الوسیمی، پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ کے ناظم الامور شاہ نذر خان اور وزارت خارجہ مصر کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ قاہرہ میں دو روزہ دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ سامح شکری سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔
وزیرخارجہ قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ سے ملاقات کریں گے۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ مصر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔
بعد ازاں توانائی کے شعبے میں مصر کی معروف کمپنی ال سویدی الیکٹرک کے صدر اور سی ای او احمد السویدی نے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
احمد السویدی نے وزیر خارجہ کو اپنی کمپنی کے حجم، کمپنی کی مصنوعات اور مختلف ممالک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی سطح پر کاروبار میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے جو عالمی برادری کی جانب سے ہماری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہت ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب دنیا بھر میں موثر کاروباری کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ معاشی سفارت کاری کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستانی مارکیٹ کو متعارف کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
السویدی کمپنی کے سی ای او احمد السویدی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان کے معاشی سفارت کاری کے اقدام کو سراہا اور السویدی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔