عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے، پاکستان کا مطالبہ

Published On 15 February,2021 10:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کا سفارتکاروں کو دورہ کرانے کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی سفارتکاروں کو کشمیر کا ایک اور دورہ کرانے کی منصوبہ بندی کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے دورے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ہیں۔ بھارت کشمیر میں معمول کی صورتحال ہونے کا جھوٹا تاثر دینا چاہتا ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ سفارتکاروں کو کشمیریوں سے ملاقات نہ کرنے دی گئی تو دورہ بیکار ہوگا۔ دورے کے شرکا کی سینئر حریت قیادت سے بھی ملاقات کرائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت 18 ماہ سے فوجی محاصرہ قائم رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔

 

Advertisement