اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا دیرینہ تنازعہ حل کرنے میں بھارت کی ہٹ دھرمی خطے میں پائیدار امن کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا بھارتی مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے نے خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے وزیراعظم کی دعوت پر اس مہینے کے آخر میں سری لنکا کا دورہ کرینگے۔
اس سے پہلے ترجمان نے اپنے افتتاحی بیان میں کہا کہ کثیرملکی بحری مشقوں کا ساتواں ایڈیشن امن 2021ء جاری ہے اور ان کا مقصد خطے میں سمگلنگ، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امن مشق کے تحت محفوظ اور پائیدار ماحول کے ذریعے بحری معیشت کی ترقی کے طریقوں اور ذرائع پر بات چیت کی جائے گی۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور گوادر کی بندرگاہ کو بھی ان مشقوں کے موقع پر اجاگر کیا جائے گا۔ ان مشقوں کے ذریعے بحیرہ ہند میں سمندری حدود کی سلامتی کے مشترکہ وژن کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔