اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا سرکار نے اپنی غلط پالیسیوں کے سبب سیکولر بھارت کا تشخص خاک میں ملا دیا ہے۔ پلوامہ ڈرامہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
تفصیل کے مطابق چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں موجود اقلیتیں بالخصوص عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ بھارت، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈوزئیر کے ذریعے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پشت پناہی کے ٹھوس شواہد پوری دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ آج یورپی پارلیمنٹ، برطانوی پارلیمنٹ سمیت اہم بین الاقوامی فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائی جاری ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ کو بھی ساری صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 80 لاکھ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف موثر آواز اٹھانے اور ہندوستان کی جارحیت کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔