اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت 11 پاکستانی ہندوؤں سے متعلق تفصیلات نہیں دے رہا، بھارت کے تفصیلات فراہم نہ کرنے سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں، ہماری کوششوں کے باوجود بھارت سے تعاون نہیں ملا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندو برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان کی حکومت اور دفتر خارجہ متاثرہ افراد سے ہر طرح کا تعاون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے سیاسی مقاصد کیلئے اپنے 40 سپاہی مروا دیئے، ارنب گوسوامی کی گفتگو سے سب پتہ چل گیا، بھارت نے پاکستان کو بد نام کرنے کیلئے جعلی مہم چلائی۔
ادھر ڈاکٹر رمیشن کمار نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کی آزادی اور تحفظ حاصل ہے، بھارت اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے، اگست سے اب تک متاثرین کیلئے انصاف کے منتظر ہیں، ہندو برادری بھارتی ہائی کمیشن جانا چاہتی ہیں، بھارتی حکومت ہمارے پیاروں کی باقیات حوالے کرے۔