اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری کو دہشتگردی میں بھارتی سرپرستی کے ثبوت دیئے، ارنب گوسوامی سے متعلق انکشافات پاکستانی موقف کی تصدیق کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں بھارت کی ریاستی سرپرستی اور عالمی سطح پر پاکستان مخالف مہم کے ناقابل تردید ثبوت پیش کئے۔ ٹی آر پی معاملے میں ممبئی پولیس کے ریپبلک ٹی وی اینکر کے خلاف چارج شیٹ میں شامل تحریروں نے ہندوستان کو مزید بے نقاب کیا ہے۔
زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ تازہ ترین انکشافات اس بات کی مزید تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان نے مستقل طور پر کیا اشارہ کیا ہے۔ ہم نے شروع میں ہی پاکستان کے خلاف بھارت کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فروری 2019ء میں پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی کی حکومت کو تھا۔ پاکستان، ہندوستان کے جھوٹوں کا مقابلہ حق کے ساتھ ہی کرتا رہیگا اور بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے مقابلہ میں مضبوطی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ بین الاقوامی برادری اس صورتحال کا پوری طرح سے جائزہ لے گی۔ علاقائی ماحول کو خراب کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اس کے اقدامات کے لئے بھارت کو جوابدہ قرار دے گی۔