اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ نے پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید کر دی ہے۔
اقوام متحدہ کی تجزیاتی اور مانیٹرنگ ٹیم کی 27 ویں رپورٹ سے متعلق میڈیا سوالات پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سمیت دیگر جماعتوں کا افغانستان میں موجود عناصر سے رابطہ ہے۔ پاکستان اور خطے کو ان گروپوں سے خطرات لاحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان میں افغانستان میں موجود دیگر کالعدم گروپس بھی شامل ہیں۔ پاکستان ماضی میں عالمی برادری کی ان گروپس کے متعلق توجہ مبذول کراتا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سرحد پار حملوں کے متعلق مسائل کو بھی اجاگر کیا ہے۔ افغانستان میں پاکستان مخالف عناصر کی ملی بھگت کو بے نقاب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ امید ہے افغانستان سے پیدا شدہ خطرے کے خاتمے کیلئے مربوط کوششوں کا آغاز ہوگا۔ عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔