عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: پاکستان

Published On 04 March,2021 09:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور یہ مسلہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حل کرنیکی ضرورت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی فلاح و بہبود اور انکے جانوں کا تحفظ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کشمیری عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے مابین ہونے والے رابطوں کو بھی اس تناظر میں دیکھنا چاہیئے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے وا ضح کیا کہ جموں و کشمیر تنازعہ کے حوالے سے پاکستان کے موقف میں تبدیلی نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کا حل علاوئی امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

ایران سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ دو طرفہ تعلقات قائم ہیں۔ایران کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور تعاون بڑھانا ہمیشہ پاکستان کی پالیسی رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایران نے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطے بڑھانے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ سرحدی منڈیاں قائم کرنیکی تجاویز کو تسلیم کیا ہے۔

سی پیک سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔