پاکستان اور امریکہ ، افغانستان میں امن لانے کی کوششوں میں اتحادی ہیں، وزیرخارجہ

Published On 25 March,2021 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ، افغانستان اور خطے میں امن لانے کی کوششوں میں اتحادی ہیں۔

وہ امریکی ڈیموکریٹ طاہر جاوید سے باتیں کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بائیڈن انتظامیہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سمیت خطے میں امن لانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان جیو اکنامک ترجیحات پر توجہ دے رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ سمیت سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

انھوں نے کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور حکومت کی طرف سے دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طاہر جاوید نے کہا کہ امریکی حکومت کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔

انھوں نے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد اور اقتصادی سفارتکاری سے متعلق امورپر بھی تبادلہ خیال کیا۔
 

Advertisement