کراچی کے ضلع وسطی کے مزید تین علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 30 March,2021 10:21 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع وسطی کے مزید تین علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ لاک ڈاون کا نفاذ 12 اپریل تک ہوگا۔ نوٹیفکیش جاری کر دیا گیا۔

گلبرگ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والےافراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کریانہ اور میڈیکل سٹورز کو ایس او پیز کے تحت کھلنے کی اجازت ہوگی، غیر ضروری آمدورفت، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

کاروباری، صنعتی سرگرمیوں اور اجتماعات پر پابندی ہوگی، متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد گھروں میں قرنطینہ رہیں گے، ان علاقوں میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement