کراچی: (دنیا نیوز) نیو کراچی کے دو بڑے پارکس حکومتی عدم توجہی کے سبب اجڑ گئے، بنچ غائب ہوگئے، گھاس ختم ہونے سے مٹی اور دھول ہے، جا بجا کچرے کے ڈھیرلگنے سے اطراف کی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف پردہ پارک کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی۔ ماضی میں مکینوں کی تفریح کا مرکز بنے رہنے والے پارک پر اب قبضہ مافیا کا راج ہے، کہیں رکشوں کی پارکنگ ہے تو کہیں کباڑہ گاڑیاں نظر آتی ہیں، بنچیں تو لگتا ہے کبھی تھی ہی نہیں، بلدیاتی عملہ کی عدم توجہ کے باعث پارک میں نہ کہیں گھاس ہے اور نہ ہی درخت۔
مکین پارک کی بدحالی کا ذمہ دار علاقہ سے منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کو قرار دیتے ہیں۔ سیکٹر فائیو ایف کا ایک اور طویل رقبے پر پارک عدم توجہ کے باعث اجڑ گیا۔ بارہ برسوں سے دم توڑتے پارکس عدم توجہ کے سبب اب ختم ہو رہے ہیں، اس سے پہلے بھی دنیانیوز نے انتظامیہ کو توجہ دلانے کی کوشش کی، مکین حکومت اور بلدیاتی نمائندوں سے نالاں دکھائی دیئے۔
صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سیز کو فنڈز دیئے جا رہے ہیں، پارکس کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی۔ کھیل کے میدان اور پارک شہریوں کا بنیادی حق ہے، لیکن حالیہ برسوں میں کراچی سے میدان اور پارکس دونوں ختم ہوتے جا رہے ہیں۔