لاہور: (دنیا نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے رمضان المبارک کے دوران اور سحر وافطار کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان کر دیا ہے۔
رمضان المبارک کے دوران لیسکو ریجن میں سحر وافطار اور تراویح کے دوران تمام گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صنعتوں کو بھی بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ لیسکو کو قطعاً بجلی کے شارٹ فال کا سامنا نہیں ہے۔ رمضان المبارک دوران بھی لیسکو کو اس کے طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پرامید ہیں کہ رمضان المبارک میں تمام صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام فیلڈ دفاتر اور سٹاف کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے جو بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کے جلد سے جلد ازالے کے لئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔