اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے پاس بڑی مچھلیوں کی اربوں روپے کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، آٹا اور چینی سیکنڈل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے اسمبلی میں اپنے خطاب میں اقربا پروری اور رشوت ستانی کو بڑی برائی قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق بدعنوانی کے 1230 ریفرنس دائر کئے جا چکے ہیں۔ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک 714 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بد عنوانی کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین بھی ہے۔ قومی ادارہ سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے نیب کی انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو سراہا ہے۔