پی آئی اے کے کسی بھی اثاثے کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں، وزیر ہوا بازی

Published On 02 April,2021 05:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کی جانب سے آج قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے کسی بھی اثاثے کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران ہوا بازی کے وزیر غلام سرورخان نے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت قومی فضائی کمپنی کو خودمختار اور منافع بخش ادارہ بنانے میں انتہائی دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خسارے والے روٹس بند کردئیے گئے ہیں اور نفع بخش روٹس پر پروازیں بڑھانے سے خسارے میں کمی ہوئی ہے۔

ہوا بازی کے وزیر نے کہا کہ ناجائز ذرائع سے لائسنس حاصل کرنے والے بیاسی پائلٹوں کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ لائسنسوں کے اجرا میں شفافیت یقینی بنانے کا نظام وضع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں برطانیہ کے شہری ہوا بازی کے ادارے کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی کا بین الاقوامی ادارہ اس سال جولائی میں ہمارے شہری ہوا بازی کے ادارے کا آڈٹ کرے گا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہوائی اڈوں کو جدید خطوط پراستوار کیاجائے گا اور پی آئی اے کی کارکردگی بڑھانے کیلئے آٹھ نئے طیارے شامل کئے جائیںگے۔
 

 

Advertisement