سنچورین کے میدان میں سنسنی خیز مقابلہ، پاکستان نے میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا

Published On 02 April,2021 04:51 pm

سنچورین: (ویب ڈیسک) سنچورین کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 274 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی کھلاڑیوں نے بڑی تگ ودو کے بعد آخری اوور میں حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے شاندار سنچری بنائی اور مرد میدان قرار پائے۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، گرین شرٹس کو پہلا نقصان 9 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

 فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 177 رنز سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 13 ویں سنچری بنائی ، انہوں نے 104 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 103 رنز کی باری کھیلی اور نارٹجی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 80 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نارٹجی کی گیند پر ربادا کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیبیو کرنے والے دانش عزیز بڑی اننگزکھیلنے میں ناکام رہے اور 3 رنز بنا سکے۔ آصف علی 2 سکور بنا کر نارٹجی کا شکار بن گئے۔

آخری اوور میں پاکستان کو تین رنز درکار تھے لیکن شاداب خان ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے 33 رنز بنا کر  آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد فہیم اشرف آئے تو ان کو پروٹیز باؤلر نے باؤنسر دے مارا، اس کے بعد اگلی دونوں گیندوں پر بھی فہیم اشرف نے کوئی رن نہیں بنایا، میچ کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر دو رنز بنا کر انہوں نے سکور برابر کردیا۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب فہیم اشرف نے کور پر ایک رن بنا کر پاکستان کو میچ جتوا دیا۔ فہیم اشرف 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے یوں یہ میچ 3 وکٹوں کے نقصان پرجیت لیا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو شاندار سنچری ر نز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

جنوبی افریقا کی بیٹنگ 

اس سے قبل جنوبی افریقا کی طرف سے اننگز کا آغاز ڈی کوک اور مارکرم نے کیا، دونوں نے آغاز میں چند خوبصورت شارٹس کھیلے، مختصر شراکت داری میں 3، 3 چوکوں اور ایک ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی کی بالز پر یکے بعد دیگرے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

پروٹیز ٹیم کے کپتان ٹیمبا باوما صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، کلاسن نے بھی ان کی پیروی کی اور55 کے مجموعے پر ایک سکور دے کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔

اسی دوران وین ڈر ڈوسن اور سینئر بیٹسمین ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر سکور کو اگے بڑھایا، دونوں نے گرین شرٹس کو باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 135 گیندوں پر 116 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 171 کے مجموعی سکور پر ملر حارث کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وین ڈر ڈوسن نے آل راؤنڈر پھلواکیو کیساتھ مل کر 65 گیندوں پر 64 رنز کی شراکت داری بنائی۔ پھلواکیو کو بھی حارث رؤف نے پویلین واپس بھیج دیا۔

اسی دوران پروٹیز ٹیم کے وین ڈر ڈوسن نے اپنی شاندار پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے تھری فیگر اننگز کے لیے 123 گیندوں کا سامنا کیا۔

وین ڈرڈوسن 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 273 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک شکار آیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

جنوبی افریقہ: تیمبا بووما کی کپتانی میں کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرام، راسی وین ڈیر ڈوسین، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، اندیلے پھیلوکوایو، کاگیسو ربادا، آنرچ نارٹجی، نگیدی، تبریز شمس

پاکستان: بابر اعظم کی کپتانی میں امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث روؤف

 

Advertisement