اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے ترقی پذیر ملکوں کو زیادہ نقصان پہنچا، لوگوں کو صرف کورونا سے نہیں بلکہ بے روزگاری سے بھی بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار اور کروڑوں مقروض ہو گئے۔ دنیا کے مختلف ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔ ڈی ایٹ فورم کو ثقافت، تعلیم اور زرعی شعبہ کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 10ویں ڈی ایٹ ورچوئل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈی ایٹ پچھلے 4 سال سے موثر انداز میں کردار ادا کر رہا ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو نئے پلیٹ فارم مہیا کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سکھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حوالہ سے ڈی ایٹ اور ترقی پذیر ممالک کو ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ڈی ایٹ فورم کو موثر انداز سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس فورم کو ثقافت، تعلیم اور زراعت کے شعبہ کے فروغ کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔ ڈی ایٹ تحفظ خوراک اورکھیلوں کے شعبہ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایٹ رکن ملکوں کو مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے بنانے چاہیں۔