اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان 12 اپریل کو گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔ وفاقی وزرا اسد عمر، علی امین گنڈا پور اور سید امین الحق بھی ہمراہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ موسم کی خرابی کے باعث 5 اپریل کو وزیراعظم گلگت بلتستان نہیں جا سکے تھے۔ اب 12 اپریل کو وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقدہ ہونے والی مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم کی گلگت بلتستان کابینہ ارکان ودیگر حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہی۔ وزیراعظم کو گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی قانون ساز اسمبلی کی قرارداد پر بریفنگ دی جائے گی۔
عمران خان گلگت بلتستان کے لئے 275 ارب کے تاریخی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔ اس کے علاوہ انفراسٹرکچر، سیاحت، توانائی اور سوشل ویلفئیر کے فروغ کیلئے بھی پروگراموں کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
اس پیکج کے تحت گلگت بلتستان کو تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یوتھ اور وویمن ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ نئے گرڈ سٹیشنز کی تعمیر بھی پیکج میں شامل ہے۔
وزیراعظم کے دورے کے موقع پر گلگت بلتستان میں کلین انرجی، ہائیڈرو پاور اور صحت کارڈ پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین کے لئے پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام بھی پیکج کا حصہ ہیں۔