اسلام آباد: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈاپور نے کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہم حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عبوری صوبے کے قیام کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کی متفقہ قرارداد یہاں کے عوام کی امنگوں کی عکاس اور ہماری حکومت اس وعدے کی تکمیل کو یقینی بنا رہی ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کی حیثیت دینے کے حوالے سے مختلف ماڈلز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے قومی مفادات، عوام کی امنگوں اور سیاسی اتفاق رائے کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی نوعیت کے اس اہم ایشو پر جلد از جلد پیشرفت کو ممکن بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے-
وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار تحریک انصاف کی حکومت پر کیا ہے، وفاقی حکومت اس اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔