ملتان: اہم شاہراؤں پر ٹریفک سگنلز خراب، شہری اذیت کا شکار، حادثات بڑھ گئے

Published On 09 April,2021 12:29 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی اہم شاہراؤں پر گزشتہ کئی ماہ سے ٹریفک سگنلز خراب ہیں، جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے پر شہریوں کی اکثریت سفری اذیت کا شکار ہے جبکہ حادثات بھی بڑھ گئے ہیں۔

ملتان میں ایس پی چوک، عید گاہ، نواں شہر، چوک شاہ عباس اور کچہری چوک کے سگنلز گزشتہ کئی ماہ سے خراب ہیں لیکن حادثات کے باوجود متعلقہ محکمے سگنلز کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، جس کی وجہ سے بے ہنگم ٹریفک سے شہریوں کی سفری مشکلات بھی کافی حد تک بڑھ گئی ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے پر شہریوں کی اکثریت متعلقہ حکام کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر نالاں ہے۔

اہم شاہراوں پر ٹریفک جام رہنے پر شہریوں اور ٹریفک وارڈنز کے مابین تلخ کلامی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ جس کے حوالے سے سی ٹی او کا موقف ہے کہ خراب سگلز کی صورتحال علم میں ہے، جن کو ٹھیک کرانے کی کاوشیں کر رہے ہیں۔

رہی سہی کسر ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں نے پوری کر دی ہے، جس کی دھول کو جواز بنا کر ٹریفک وارڈنز بھی اپنی ڈیوٹیوں سے اکثر غائب رہتے ہیں۔
 

Advertisement