لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی

Published On 26 March,2021 10:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی، ججز کی کمی وکلا کی ہڑتالیں اور اہم کیسز میں پولیس کا عدم تعاون پینڈنگ کیسز کی تعداد کو روز بروز بڑھا رہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں کیسز کے انبار لگ گئے، ججز کی کمی اور آئے روز وکلا کی ہڑتالوں کے باعث زیر التوا مقدمات کی تعداد 40 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی جس کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں سائلین عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں جبکہ اہم مقدمات میں پولیس کےعدم تعاون اور روایتی سستی نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔

لاہور ہائیکوٹ ملتان بنچ میں 20 ہزار کے قریب رٹ پٹیشنز، دس ہزار سے زائد فوجداری اور سول مقدمات جبکہ 13 ہزار کے قریب متفرق درخواستیں فیصلوں کی منتظر ہیں تاہم وکلا کے مطابق ججز کی تعداد میں اضافے کیساتھ ہی پینڈنگ کیسز میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کیساتھ ماتحت عدالتوں میں بھی زیر التوا مقدمات کی تعداد 55 ہزار سے زائد ہے تاہم ضلع کچہری میں روزانہ تین سے چار سو مقدمات دائر ہوتے ہیں جس کے باعث پینڈنگ کیسز کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
 

Advertisement