کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے افسر کی جانب سے لڑکی کو ہراساں کرنے کے معاملے پر بحرین سے کراچی ایئرپورٹ آنے والی نادیہ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، متاثرہ لڑکی نے تحریری شکایت ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران کو بھی جمع کروا دی۔
گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے افسر کی جانب سے لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ بحرین سے کراچی ایئرپورٹ آنے والی نادیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ائیر پورٹ پہنچنے پر امیگریشن عملے نے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات اپنے پاس رکھ لیے۔ فارم پر والد کا فون نمبرلکھا مگر ایف آئی اے افسر نے میرا نمبر مانگا، یہ بھی کہا کہ میں بحرین آؤں گا تو رابطہ کیسے کروں گا یہ تو والد کا نمبر ہے۔ ایف آئی اے افسر سنجے نے کہا یہاں جو آتا ہے ہمیں کچھ دے کر جاتا ہے، آپ اپنا نمبر دے دیں۔
گزشتہ روز 15سالہ بحرین سے آنے والی لڑکی کو ایف آئی اے افسر سنجے نے ہراساں کیا تھا۔ واقعے پر ڈائریکٹر امیگریشن نے نوٹس لے کر سب انسپکٹر سنجے کو انکوائری تک معطل کردیا گیا تھا، نادیہ نے تحریری شکایت ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران کو بھی جمع کروادی۔