کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مون سون سے قبل گجر اور اورنگی نالوں پر تجاوزات کے خلاف تین مقامات پر بیک وقت آپریشن تیز کر دیا گیا، نالوں سے کچرا نکانے سمیت ترقیاتی کام بھی شروع کردئیے گئے۔
کراچی میں برساتی نالوں کی بحالی کا مشن، شہر کے سب سے بڑے گجر نالہ اور دوسرے بڑے اورنگی نالہ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی۔ گجر نالے کے اطراف چھبیس کلومیٹر رقبہ سے تین ہزار مکانات اور دیگر تجاوزات مسمار کرنے کیلئے بیک وقت تین مقامات پر آپریشن جاری ہے، 9 کلومیٹر رقبہ سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا۔
اورنگی نالہ پر بھی ہیوی مشینری اور افرادی وقت کے ذریعے تجاوزات تیزی سے مسمار کی جارہی ہیں، حکام کے مطابق 23 میں سے آٹھ کلومیٹر رقبہ کلیئر کرا دیا گیا ہے۔ نالے کی صفائی سمیت ترقیاتی کام بھی کئے جارہے ہیں۔
آپریشن میں تیزی سے متاثرین کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں، کرائے کے مکانات اور امدادی چیکس کے حصول کیلئے متاثرین پریشان نظر آتے ہیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت تیس فیصد تک ٹوٹنے والے مکانات کے متاثرین کو 15ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے ابتدائی طور پر چھ ماہ کے کرائے کی مد میں 90ہزار روپے کے چیکس دیئے جارہے ہیں، انتظامی مراحل کے باعث چیکس کے اجرا میں کچھ تاخیرہورہی ہے۔