کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، 8 ماہ کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں 966 گاڑیاں قبضے میں لی گئیں۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی شاہراہوں پر دوڑنے والی گاڑیوں میں سے اکثر نان کسٹم پیڈ ہیں جو غیر قانونی طریقوں سے افغانستان سے بلوچستان لائی جاتی ہیں۔ کسٹم حکام کے مطابق حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا اور گزشتہ 8 ماہ کے دوران کوئٹہ، چمن، پشین، نوشکی اور مستونگ سے 966 مختلف گاڑیاں قبضے میں لی گئیں جنکی مالیت ڈیڑھ ارب سے زائد ہے۔
کوئٹہ کی ٹریفک میں روز بروز اضافہ کی بڑی وجہ یہ غیر قانونی گاڑیاں بھی ہیں، ایک اندازے کے مطابق صوبے میں چلنے والی گاڑیوں میں نصف سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ہیں۔ کسٹم کی جانب سے ان آپریشنز پر شہریوں کا ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔
بلوچستان اور دیگر صوبوں میں چلنے والی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچتا ہے جس کے لئے متعلقہ محکمے کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل بھی حل ہوسکیں۔