کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے کارروائی کر کے حج کا جھانسہ دیکر شہری سے پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے مطابق مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، ملزم کی گرفتاری کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کی نگرانی میں ملزم و دیگر کی گرفتاری کےلیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ کارروائی کے دوران نامزد ملزم غلام فرید الدین اشرفی کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم نے حج 2018 کے نام پر شکایت کنندہ رانا محمد رفیق سے ساڑھے چارلاکھ سے زائد روپے مانگے اور وصول کیے، گرفتار ملزم مجاز حج آپریٹر لائسنس ہولڈر نہیں ہے اور وزارت مذہبی کے ساتھ بھی رجسٹرڈ نہیں ہے۔ ملزم نےشکایت کنندہ کو حج کے لیے بھیجا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ گرفتار ملزم کو آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔