لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی، جس میں سی پیک منصوبوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ چودھری سرور نے عاصم سلیم باجوہ کے ملکی معاشی ترقی اور سی پیک میں کردار کو سراہا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے اہم منصوبہ ہے، پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، پاکستانی حکومت اور عوام کی سی پیک کو دلی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر کے مسلسل مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، چین اور پاکستان میں آج چٹان سے مضبوط دوستی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
چیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک سے ملک میں معاشی ترقی کے ساتھ روزگار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پورے ملک میں سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا پائلٹ پراجیکٹ ہے۔