مہنگائی اہم ایشو، پرائس کنٹرول کیلئے موثر کارروائی کی جائے: عثمان بزدار

Published On 17 April,2021 12:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مہنگائی اہم ایشو ہے، پرائس کنٹرول کے لئے موثر کارروائی کی جائے، عام آدمی کو ضرورت کی اشیاء مقررہ نرخ پر ملنی چاہیئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں آٹا، چینی اور دیگر اشیاء صرف کے نرخ اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول میکانزم مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں بھی تمام اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کی مقررہ نرخ پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ بھرپور کاوشیں کریں، کسی کو عام آدمی کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، حالات کی وجہ سے سپلائی میں تعطل آیا لیکن اب صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

یاد رہے چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری ، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری انڈسٹری، کین کمشنر، ڈی جی انڈسٹری اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
 

Advertisement