امن و امان کی صورتحال: وزیراعظم کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے

Published On 19 April,2021 01:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان امن و امان کی موجودہ صورتحال سے متعلق قوم کو آگاہ کرنے کیلئے کچھ دیر بعد خطاب کریں گے۔ گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم گستاخانہ خاکوں کے اقدام کے خلاف حکومتی اقدامات سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے قومی لائحہ عمل سے بھی آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی اور دینی جماعتوں کا مذہب کو استعمال کرنا افسوس ناک، جس سے ملک کونقصان کو پہنچتا ہے، اس طرح دین کی کوئی خدمت نہیں ہو رہی، مسلم ملکوں کو ساتھ ملا کر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا، مظاہروں اور توڑ پھوڑ سے مغرب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم عالمی سطح پر مہم چلائیں گے۔

 عمران خان نے مزید کہا کہ بعض مغربی ممالک مسلم ممالک کی دل آزاری کرتے ہیں، پاکستان کے تمام لوگ نبی کریم ﷺ سے محبت کرتے ہیں، افسوس دین اور نبی کریم ﷺ سے پیار کا غلط استعمال کیا جاتا ہے، ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں۔


 

 

Advertisement