حکومت بلا امتیاز سب کا احتساب یقینی بنائے گی، میاں فرخ حبیب

Published On 25 April,2021 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت بلا امتیاز سب کا احتساب یقینی بنائے گی جبکہ ماضی میں حکمران بڑے چوروں کو بڑے عہدے دیکر ملک و قوم کا بیڑا غرق کرتے رہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے مطابق نواز شریف کی جائیدادیں نیلام کی جائیں گی۔ شہباز شریف کی ابھی ضمانت ہوئی ہے، ان کے خلاف مقدمات ختم نہیں ہوئے کیونکہ وہ ملک میں ٹی ٹیوں اور منی لانڈرنگ کے موجد ہیں اس لئے انہیں اپنا حساب دینا ہوگا۔

میاں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت پر تنقید کرنیوالے پہلے اپنی 40 سالہ کارکردگی کو بھی دیکھ لیں کہ انہوں نے عوام کیلئے کیا کیا؟ اور موجودہ حکومت کیا کر رہی ہے۔

فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث کسان گزشتہ حکومتوں کی نسبت خوشحال ہوا ہے اور موجودہ حکومت وزیر اعظم ایمرجنسی پروگرام کے تحت انہیں اربوں روپے کا ریلیف پیکیج فراہم کررہی ہے جبکہ کسانوں کو زمین گروی رکھے بغیر ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرچی چیئرمین بلاول سندھ کے لوگوں کو انصاف صحت کارڈ دیں اور پنجاب حکومت پر بلا جواز تنقید کی بجائے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ ان کی سربراہی میں سندھ حکومت اور وہاں کے عوام کن حالات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کی توجہ لوٹ مار کی طرف ہے۔میاں فرخ حبیب نے کہا کہ باؤ جی دوائی لینے گئے واپس نہیں آئے اور عوام کو ان کے حال پر چھوڑ کر بیرون ممالک موجیں کی جارہی ہیں لیکن یہاں جلسے جلوس کرکے عوام کو کورونا کے ہاتھوں برباد ہونے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کواقتدار کانٹوں کی سیج کے طور پر ملا لیکن ان کی شبانہ روز جدوجہد کے باعث معاملات تیزی سے بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔

میاں فرخ حبیب نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملات عدالتوں میں جانے ہیں اسلئے وہ جو فیصلہ کریں گی ہمیں من و عن قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بلا تفریق احتساب ہو رہا ہے اسلئے کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے اندر ہمدردیاں ہوتی ہیں لیکن انہیں قانونی امور کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جاسکتالیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمارے تمام لوگ بھی عدالتوں کو فیس کرنے کو تیار ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ ن سے ش پہلے ہی نکل چکی ہے جبکہ اب لڑائی مریم صفدر اور حمزہ شریف کی ہے اسلئے دیکھتے ہیں کس کا بیانیہ کامیاب ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا اب ملک میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک دوروں کے دوران مختلف ممالک جو تحائف دیتے ہیں وہ سرکاری خزانہ میں جمع کروائیں بصورت دیگراب نواز شریف کی جائیدادیں نیلام ہونگی اور رقم ریکور کرکے خزانہ سرکار میں جمع کروائی جائے گی۔

قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویزمیاں فرخ حبیب نے ڈی ٹائپ سستے رمضان بازار کے دورہ کے دوران شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جس کے تحت سستے رمضان بازار قائم کرکے شہریوں کو چینی، آٹے، گوشت، پھلوں، سبزیوں، دالوں، مشروبات سمیت تمام اشیا ضروریہ مارکیٹ سے سستے داموں پر فراہم کی جارہی ہیں نیزیوٹیلیٹی سٹورز پربھی اربوں کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement