کورونا کے بڑھتے کیسز: سندھ حکومت کا صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

Published On 26 April,2021 11:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں 20 فیصد ضروری سٹاف کو بلایا جائے گا، تمام سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں بھی بند رہیں گی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو 29 اپریل سے بند کر دیا جائے گا۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ لوگ ایس او پیز پر عمل کریں، ماسک پہنیں، صورتحال تشویشناک ہے، لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، لوگوں نے ذمہ داری سے کام نہ لیا تو حکومت سخت فیصلے کرے گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 70 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 187 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 452 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 825 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 90 ہزار 788، سندھ میں 2 لاکھ 78 ہزار 545، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 77، بلوچستان میں 21 ہزار 743، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 258، اسلام آباد میں 73 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 591 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 88 ہزار 932 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 161 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 94 ہزار 46 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 862 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 70 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 187 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 990، سندھ میں 4 ہزار 599، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 134، اسلام آباد میں 665، بلوچستان میں 232، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 462 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement