لاپتہ افراد کا کیس: سندھ ہائیکورٹ کا وفاقی سیکریٹری داخلہ کی عدم پیشی پر اظہار برہمی

Published On 27 April,2021 11:24 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کے کیس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ کی عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمیں سیکریٹری داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

لاپتہ افراد سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈپٹی سیکریٹری داخلہ سے کہا کئی بار احکامات کی خلاف ورزی پر سیکریٹری داخلہ کو بلایا تھا، سیکریٹری داخلہ کا رویہ توہین عدالت کے مترادف ہے، عدالتی حکم کے باوجود حراستی مراکز کے قیدیوں کی فہرست پیش نہیں کی گئی، کراچی سے لاپتہ ہونے والے حراستی مراکز میں ہیں یا نہیں یہ نہیں پتا چل سکا، لوگوں کو ان کے بنیادی حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، ایسا نہ ہو عدالت کی برداشت بھی ختم ہو جائے، ہمیں سیکریٹری داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے پر مجبور نہ کریں۔

سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement