وزیراعظم عمران خان کا کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار

Published On 27 April,2021 03:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط بہت ضروری ہے، کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو کورونا ویکسینیشن کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ 40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔

وفاقی کابینہ 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ کابینہ کورونا ویکسین کی ریٹیل قیمت مقرر کرنے کی منظوری اور ممنوعہ بور کے لائسنس سے متعلق وزارت داخلہ کی سمری پر غور کرے گی۔ کابینہ پاکستان اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دے گی۔

کابینہ نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے میوچوئل لیگل اسسٹنس کی درخواستوں پر غور کرے گی۔ کابینہ کو گردشی قرضے کے پلان پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت صحت کے چار فاسٹ ٹریک منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے خصوصی چھوٹ دینے کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
 

Advertisement