این اے 249 کے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم، پولنگ کل ہوگی

Published On 28 April,2021 09:32 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں حلقہ این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا، پولنگ کل ہوگی۔

7 لاکھ سے زائد آبادی والے حلقہ این اے 249 میں بلدیہ ٹاون، اتحاد ٹاون، سعید آباد، اور رشید آباد سمیت دیگر علاقے ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل، مصطفی کمال، پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی سمیت 30 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں، ساڑھے تین لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، حلقے کے 75 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب این اے 249 کراچی بلدیہ ٹاؤن میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے کچھ دیر بعد پاک سر زمین پارٹی کے الیکشن آفس کے باہر نامعلوم افراد ہوائی فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ پتھر لگنے سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

پی ایس پی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پیپلزپارٹی کی ریلی گزرنے کے دوران پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔ پولیس کے مطابق شواہد جمع کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement