چنیوٹ: (دنیا نیوز) چنیوٹ کی تاریخی شاہی مسجد کی عمارت فن تعمیر کا اچھوتا شاہکار ہے۔ مسجد کے محراب و منبر پر بنائے گئے ڈیزائن جہاں کاریگروں کی مہارت کا پتہ دیتے ہیں وہیں مسجد کے جاہ و جلا ل اور اس کی عظمت و شان بھی بیان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
مسجد چنیوٹ کے مرکز میں سن 1646 میں تعمیر کی گئی۔ سنگ مرمر، چنیوٹی سنگ ابری اور چھوٹی لال اینٹ سے بنی مسجد فن تعمیر کا منہ بولتا شاہکار ہے۔ پیچ در پیچ راہداریاں، محراب در محراب، دیواروں پر کندہ نقش اور پھول بوٹے، چنیوٹی کاریگروں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
مسجد کا ہر گوشہ رب ذوالجلال کی کبریائی بیان کرتا نظر آتا ہے۔ یہاں آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ مسجد کو انتہائی مہارت سے تعمیر کیا گیا ہے۔
اسلامی فن تعمیر کے اس شاہکار کو دیکھنے کے لئے پاکستان اور دیگر ممالک سے بھی سیاح چنیوٹ کا رخ کرتے ہیں۔