لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی کے باوجود اسے احساس تک نہیں کہ ملک کا کتنا بڑا نقصان ہو چکا جبکہ بروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کرکے قوم کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔
میاں شہباز شریف نے یہ بات اراکین پارلیمنٹ کیساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی ستائی عوام کی رمضان المبارک میں بد دعاؤں سے خوف آتا ہے۔اس قیامت خیز مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قوم کا آٹا اور چینی وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں لوٹا گیا، آج قوم اس کے حصول کیلئے دھکے کھاتی پھر رہی ہے۔ حکمران خدا ترسی کریں اور چینی کے لئے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو اس توہین سے نجات دلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت سے کورونا کی صورتحال سنبھالی نہ جا سکی۔ اس کے پاس دور اندیشی پر مبنی حکمت عملی کا اب بھی فقدان ہے۔ حکومت اب بھی کورونا، معیشت، مہنگائی، بے روزگاری جیسے سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف تماشے جاری ہیں، اس سے حکومت کی ذہنی حالت اور ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی پالیسیوں سے ہونے والی مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ خیبر پختونخوا سے اطلاعات ہیں کہ لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا، عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے؟