شہبازشریف نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی

Published On 02 May,2021 11:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی، کہتے ہیں کہ الیکٹرونک ووٹنگ کانظام تمام دنیا نے مستر دکیا، الیکشن کمیشن ناقابل عمل قرار دے چکاہے۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشا اور اعتماد سے ہوتا ہے، عوام کی امنگوں اور اعتماد کا مظہر پارلیمان ہے جسے تین سال سے تالا لگایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں، ایک فردکی خواہش یا حکم پر ایسے اہم قومی کام سرانجام نہیں پاتے۔

دوسری جانب نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ این اے 249 کا ریکارڈ فی الفور اپنی تحویل میں لے ، ووٹوں کے تھیلے اپنے قبضے میں لے اور یقینی بنائے کہ یہ تھیلے سیلڈ ہیں۔ الیکشن کمیشن انتخابی ریکارڈ فوری اپنے قبضے میں لے تاکہ اس میں کوئی ردو بدل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ شک ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ ریکارڈ اپنے قبضے میں نہ لیا تو اس کے ساتھ کوئی گڑ بڑ ہو سکتی ہے۔

 

Advertisement