وزیراعظم جمعہ سے سعودی عرب کا 3روزہ سرکاری دورہ شروع کرینگے

Published On 06 May,2021 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان جمعہ سے تین روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب جائیں گے۔ وہ یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا ایک وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی کارکنوں کے لئے روزگار کے مواقع اور سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی فلاح وبہبود سمیت دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر مشاورت کریں گے۔

دونوں فریقین باہمی مفادات کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران کئی دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کا امکان ہے۔

وزیراعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف Al-Othaimeen، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور مکہ مدینہ میں حرمین الشریفین کے اماموں سے بھی ملاقات کریں گے۔

وہ جدہ میں پاکستانی برادری سے بھی بات چیت کریں گے۔ آج ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہب، تاریخ اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

سعودی عرب جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا رکن ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر دو طرفہ دوروں کا تسلسل برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

Advertisement